مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترک خفیہ سروس MIT نے ملک کے جنوبی صوبے مالاطیہ میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے ایک اہم رکن کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترک سیکورٹی ذرائع کے مطابق، گرفتار دہشت گرد نئے سال کی تقریبات کے دوران کسی بڑے عوامی مقام کو نشانہ بنانے کی تیاریوں میں مصروف تھا۔
دوسری جانب، استنبول کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے ایک باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ کرسمس اور نئے سال کے آغاز پر دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کے خفیہ منصوبوں کو بے نقاب کر کے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ استنبول میں انسدادِ دہشت گردی کی ٹیموں نے عدالتی نگرانی میں ایک وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد 137 مشتبہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے یہ کارندے نئے سال کے موقع پر رش والے مقامات، سیاحتی مراکز اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ترکی بھر میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں اور اہم داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ