5 جنوری، 2026، 3:47 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

مادورو کی گرفتاری: عالمی قوانین کی پامالی اور اقوام متحدہ کے کردار پر سوالیہ نشان

مادورو کی گرفتاری: عالمی قوانین کی پامالی اور اقوام متحدہ کے کردار پر سوالیہ نشان

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی کارروائی کے دوران گرفتاری اور انہیں امریکہ منتقل کیے جانے کا واقعہ جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں کے کردار پر دھبہ بن چکا ہے۔ یہ اقدام طاقت کا اظہار نہیں بلکہ واشنگٹن کی اُس بےبسی کو ظاہر کرتا ہے جو آزاد قوموں کے عزم کے سامنے آشکار ہو رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: 3 جنوری 2026 کی صبح امریکہ کی جانب سے کی جانے والی فوجی و انٹیلی جنس کارروائی، جس کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے امریکی سرزمین پر منتقل کیا گیا، محض ایک محدود سیکیورٹی آپریشن نہیں تھی بلکہ یہ بین الاقوامی قانون کے کمزور ہوتے ڈھانچے پر آخری ضرب کاری کے مترادف سمجھی جا رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے واشنگٹن نے واضح کر دیا کہ اس کی نظر میں اقوام متحدہ کا منشور صرف ایک علامتی دستاویز ہے، جو امریکی بالادستی سے متصادم ہونے کی صورت میں کوئی وقعت نہیں رکھتی۔

جب امریکہ عالمی غنڈہ گردی کے کردار میں نظر آئے

1945 کے بعد قائم ہونے والا عالمی نظام ریاستی خودمختاری اور داخلی امور میں عدم مداخلت کے اصول پر استوار تھا۔ اقوام متحدہ کے منشور کی شق 2 کے تحت کسی بھی ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال کی صریح ممانعت موجود ہے۔ اس کے باوجود ایک رکن ملک کے منتخب صدر کی گرفتاری دراصل دنیا کو ’’جنگل کا قانون‘‘ کی جانب دھکیلنے کے مترادف ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کوئی قانونی کارروائی نہیں بلکہ کھلی ریاستی اغوا گری ہے۔

امریکہ کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کو جواز بنانا ایک کمزور اور متنازع دلیل قرار دی جا رہی ہے۔ اگر ہر ریاست اپنے داخلی قوانین کی بنیاد پر دوسرے ممالک کی قیادت کو فوجی طاقت کے ذریعے گرفتار کرنے لگے تو عالمی سلامتی کا تصور ہی ختم ہو جائے گا۔ اس طرزِ عمل سے یہ پیغام جاتا ہے کہ امریکہ کے نزدیک خودمختاری کا حق صرف اس کے اور اس کے اتحادیوں تک محدود ہے۔

سربراہان مملکت کی سیکورٹی پر کاری ضرب

بین الاقوامی قانون میں ریاستی سربراہان کو حاصل استثنیٰ ایک مسلمہ اصول ہے، جس کی توثیق عالمی عدالت انصاف متعدد فیصلوں میں کر چکی ہے۔ نکولس مادورو کی گرفتاری اس اصول کی کھلی خلاف ورزی سمجھی جا رہی ہے۔ ناقدین کے مطابق یہ ایک سنگین قانونی جرم ہے۔

مزید برآں، یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ وہی امریکہ جو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ججوں کو تحقیقات پر پابندیوں اور دھمکیوں کا نشانہ بناتا رہا ہے، آج خود کو عالمی انصاف کا علمبردار ظاہر کر رہا ہے۔ یہ دوہرا معیار اس تاثر کو تقویت دیتا ہے کہ اصل مقصد قانون کا نفاذ نہیں بلکہ سیاسی مخالفین کو راستے سے ہٹانا ہے۔

سلامتی کونسل: امن کی ضامن یا خاموش تماشائی؟

یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ اقوام متحدہ اور بالخصوص سلامتی کونسل بڑی طاقتوں کے اثر و رسوخ کے باعث مفلوج ہو چکی ہے۔ امریکہ کے ویٹو اختیار نے اس ادارے کو عملی طور پر بے اثر بنا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق جب کوئی طاقت کسی خودمختار ملک کی فضائی و بحری حدود پامال کر کے اس کے سربراہ کو گرفتار کر لے اور عالمی ادارے خاموش رہیں تو اس کا مطلب ادارہ جاتی ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔

بین الاقوامی برادری کی خاموشی کو بعض حلقے ایک خطرناک نظیر قرار دے رہے ہیں، جو مستقبل میں عالمی انارکی کو جنم دے سکتی ہے۔ ناقدین کے مطابق امریکہ نے اس اقدام کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کو واضح پیغام دیا ہے کہ یا تو تابعداری اختیار کریں یا نتائج کے لیے تیار رہیں۔

انسانی حقوق کا سیاسی استعمال

نکولس مادورو کی گرفتاری اور بغیر کسی باضابطہ حوالگی کے انہیں امریکہ منتقل کرنا بنیادی انسانی حقوق اور منصفانہ عدالتی عمل کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ عمل ایک سیاسی انتقام ہے جسے قانون کا لبادہ اوڑھایا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے اثرات عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تصور کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ اب دیگر طاقتیں بھی اسی نظیر کو بنیاد بنا کر بیرونِ ملک مخالفین کے خلاف کارروائی کو جائز قرار دے سکتی ہیں۔

نتیجہ

امریکی فورسز کے ہاتھوں وینزویلا کے صدر کی گرفتاری بظاہر ایک کارروائی نہیں بلکہ عالمی نظام کے اخلاقی زوال کی علامت بن چکی ہے۔ یہ اقدام طاقت کی نہیں بلکہ اس اضطراب کی نشانی ہے جو اُن اقوام کے عزم کے سامنے ظاہر ہو رہا ہے جو آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ اگر عالمی برادری نے اس موقع پر مؤثر ردعمل نہ دیا تو آنے والے وقت میں کوئی بھی ملک خود کو محفوظ تصور نہیں کر سکے گا۔ اس تناظر میں یہ واقعہ امریکہ کی فتح نہیں بلکہ اُس عالمی نظام کے اخلاقی و سیاسی انہدام کا آغاز ہے جس کی قیادت کا دعویٰ واشنگٹن کرتا رہا ہے۔

News ID 1937542

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha