مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسلامی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینا اور ہمسایگی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پاکستان روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ یہ دورہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی باضابطہ دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ ان کے ہمراہ ایران۔پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے اراکین بھی شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ اگرچہ ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط جاری رہے ہیں، لیکن یہ ان کا پہلا باضابطہ دورہ پاکستان ہے۔
قالیباف نے مزید کہا کہ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کے عوام، پارلیمنٹ اور حکومت نے ایران کے ساتھ کھل کر اور پائیدار انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا، جو لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی حالات میں اسلامی ممالک خصوصاً ہمسایہ ریاستوں کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ ایران اور پاکستان اپنی تاریخی اور تہذیبی وابستگی کے باعث خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ صہیونی حکومت اسلامی ممالک کے خلاف کھلی جارحیت کر رہی ہے اور شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ وہ امریکی حمایت سے اپنی پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس مسئلے پر اسلامی ممالک کو خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
قالیباف نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ سیاسی، سلامتی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں مثبت نتائج لائے گا۔
آپ کا تبصرہ