مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلسِ شوریٰ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایرانی سپیکر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہب، ثقافت اور برادرانہ رشتوں کے مضبوط بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم، پارلیمنٹ اور حکومت پاکستان ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایران اور پاکستان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں اور پارلیمانی سفارتکاری اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کو اسرائیلی حملے کو ناکام بنانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ تھی جس نے واشگاف انداز میں ایران پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے ’’پاکستان زندہ باد‘‘کے نعروں کو برادرانہ محبت کی علامت قرار دیتے ہوئے ایرانی اراکین پارلیمنٹ کے جذبات کو سراہا۔
انہوں نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات میں فروغ انتہائی خوش آئند ہے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کا قابلِ اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہوئے انہیں دلی مسرت ہوئی۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کی غیر مشروط حمایت پر پاکستانی عوام، پارلیمنٹ اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ مشکل وقت کا ساتھی ہی حقیقی دوست ہوتا ہے۔ایرانی سپیکر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حقیقی حمایت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعاون ایران اور پاکستان کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایران پاکستان کی جانب سے تمام عالمی فورمز پر حمایت پر تہہ دل سے شکرگزار ہے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے باہمی تبادلے اعتماد سازی اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایرانی سپیکر نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کو سراہا۔ ایرانی پارلیمانی وفد کے اراکین نے پاکستان کی پارلیمان کے فعال اور تعمیری کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی اور کنوینئر ایران پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ سید نوید قمر بھی موجود تھے۔
آپ کا تبصرہ