مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ حالیہ برسوں میں ان میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدثر ٹیپو نے پاکستانی سفارتخانے میں یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا، جبکہ ایران نے بھی بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کو سیاسی حمایت فراہم کی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بارٹر ٹریڈ کے لیے قانونی فریم ورک کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیا، جس سے مالیاتی رکاوٹیں ختم ہوں گی اور سرحدی علاقوں میں براہ راست اشیاء کا تبادلہ ممکن ہوسکے گا۔
مدثر ٹیپو نے ایرانی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ عوام میں بارٹر سسٹم کے فوائد سے متعلق آگاہی پیدا کرے، اور بتایا کہ وہ جامعات، چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادری سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اس نظام کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دی جارہی ہے، جبکہ پاکستان-ایران-ترکی ریلوے راہداری، بالخصوص کوئٹہ-تافتان روٹ کی بحالی پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ خطے میں روابط کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اسلام آباد اور تہران کے سیاسی تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام باقاعدہ رابطے میں رہتے ہیں تاکہ اعلی سطحی مذاکرات کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔
آپ کا تبصرہ