مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کا محاصرہ توڑنے اور انسانی امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے کاروانِ صمود کے ۱۳۷ سرگرم کارکنوں کا صیہونی فورسز کی حراست سے رہائی کے بعد استنبول ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق، ترکش ایئر لائنز کی پرواز جو اسرائیل کے زیر قبضہ ایلات کے رامون ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی، استنبول ایئرپورٹ پر اتری۔
طیارے میں موجود ۱۳۷ کارکنوں میں ۳۶ ترک شہری اور ۲۳ ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے کارکن شامل تھے، جو ناوگانِ صمود کے رکن تھے۔
ایئرپورٹ پر ان کا استقبال سرکاری حکام، عوامی نمائندوں اور بڑی تعداد میں موجود غزہ کے حامی شہریوں نے نعرہ تکبیر اور فلسطینی پرچموں کے ساتھ کیا۔
یاد رہے کہ صمود فلوٹیلا انسانی ہمدردی کے تحت غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور امدادی سامان پہنچانے کے مقصد سے روانہ ہوئی تھا، مگر صیہونی بحری افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں جہاز پر حملہ کرکے تمام کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے خلاف عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ