28 ستمبر، 2025، 8:05 PM

میزائل اور ایٹمی پروگرام معطل ہوا ہے نہ ہوگا، دشمن کو نفسیاتی جنگ میں بھی ناکامی ہوگی، جنرل شکارچی

میزائل اور ایٹمی پروگرام معطل ہوا ہے نہ ہوگا، دشمن کو نفسیاتی جنگ میں بھی ناکامی ہوگی، جنرل شکارچی

شکارچی نے کہا کہ دشمن اب فوجی حملوں کے بجائے نفسیاتی جنگ کے ذریعے نوجوان نسل کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ایران نہ صرف دفاعی میدان میں مضبوط ہے بلکہ فکری محاذ پر بھی قومی یکجہتی سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے اعلی ترجمان کمانڈر ابوالفضل شکارچی نے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ اس کے بعد بھی کبھی رکا نہیں، اور آج بھی ملک کی دفاعی صلاحیت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں انقلاب اسلامی کے آغاز سے ہی دشمنی پر تلی ہوئی تھیں۔ اسی سلسلے میں صدام حسین کو ایران پر حملے کے لیے اُکسایا، تاکہ ایک ہفتے میں اسلامی نظام کو ختم کیا جاسکے۔ لیکن آٹھ سالہ دفاع مقدس کے بعد نہ صرف یہ سازش ناکام ہوئی بلکہ ایران نے دفاعی خودکفالت حاصل کی۔

کمانڈر شکارچی نے حالیہ 12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی برق رفتار کارروائیاں اور دشمن پر فوری حملے عسکری تاریخ میں بے مثال ہیں، جنہیں بعض ماہرین معجزہ نما قرار دیتے ہیں۔ جنگ کے دوسرے دن سے دشمن کے حساس مراکز ایرانی میزائلوں کی زد میں آگئے، اور ان کا دفاعی نظام ان حملوں کا مقابلہ نہ کرسکا۔ دشمن کو ہر ایرانی میزائل کو روکنے کے لیے 1 سے 12 ملین ڈالر تک خرچ کرنا پڑا، جو اس کے لیے بھاری مالی نقصان کا باعث بنا۔

مسلح افواج کے سینئر ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ دشمن اب روایتی جنگ سے زیادہ نفسیاتی اور ہائبرڈ جنگ پر توجہ دے رہا ہے، جس میں معاشی محاصرہ، دباؤ، ثقافتی نفوذ، نوجوان نسل کے عقائد میں تبدیلی اور ملک میں دو قطبی تقسیم جیسے حربے شامل ہیں۔ ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد اور ہوشیاری ناگزیر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دفاعی میدان میں، شہداء کے خون کی برکت سے، کوئی تشویش نہیں ہے۔ ایران کا جدید اسلحہ سازی کا عمل کبھی رکا نہیں اور آج بھی جاری ہے۔ اصل خطرہ عوام کے عقائد اور فکری نظام میں دراڑ ڈالنے سے ہے۔ ہمیں دشمن کے جدید ہتھیاروں جیسے F-35 اور B-2 سے نہیں ڈرنا چاہیے، بلکہ ان لوگوں سے خطرہ ہے جو امریکہ سے امیدیں وابستہ کرتے ہیں اور عوامی اعتقادات کو نظرانداز کرتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر ایرانی قوم متحد رہے اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی ہدایات پر مکمل عمل کرے تو دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ اس راہ میں نوجوان نسل کی تربیت سب سے اہم فریضہ ہے۔

جنرل شکارچی نے ایران کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو دشمن کی سازشوں کا مرکزی ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی توانائی آج ایران کی ضرورت ہے اور یہ ہزاروں شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے، اس لیے اس سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ایران مزید جدید میزائل ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہا ہے اور کسی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے لیبیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ غیر مسلح ہونے اور پسپائی کا نتیجہ صرف تباہی ہوتا ہے۔ ایران مزاحمت اور خدا پر بھروسے کے راستے پر گامزن ہے، اور یہی راستہ اب تک کامیابی کی ضمانت رہا ہے۔

News ID 1935635

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha