مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے امت مسلمہ سے صہیونی حکومت کے خلاف مل کر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقاومتی شہداء کی پہلی برسی میں شرکت کے لیے بیروت روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے کہا کہ ان کا ایک بڑا ہدف لبنان کے شہداء کی یاد میں منعقدہ مجلس میں شرکت کرنا ہے، جس میں سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین کے علاوہ وہ تمام افراد شامل ہیں جنہوں نے لبنان کی سرزمین کا دفاع کیا۔
لاریجانی نے کہا کہ ان کے گذشتہ دورے اور موجودہ دورے کے درمیان خطے میں بہت سے سیاسی اور سیکورٹی حوالے سے اہم تبدیلیاں آئیں۔ صہیونی حکومت کا رویہ اب پوری دنیا کے لیے واضح ہوچکا ہے اور سید حسن نصراللہ کے وہ بیانات جو کئی دہائیوں پہلے بعض قوموں کے لیے ناقابل یقین تھے، آج حقیقت کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر قطر میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج سب کے لیے واضح ہوچکا ہے کہ صہیونی حکام کسی بھی ملک پر رحم نہیں کرتے، اور قطر پر حملہ اس بات کا بہترین ثبوت ہے۔
علی لاریجانی نے زور دے کر کہا کہ خطے کے ممالک کی جانب سے اسرائیل کے خلاف متحدہ حکمت عملی اپنانا ایک درست اور موثر طریقہ ہے، جس کی وہ مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے ایران اور لبنان کے تاریخی قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی اور تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران ہمیشہ خودمختار اور مضبوط حکومتوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔ امید ہے کہ لبنان میں ایسے حالات پیدا ہوں جو وہاں کے عوام کے فائدے میں ہوں اور ایک خودمختار و مضبوط حکومت قائم کرنے کے مواقع فراہم کریں۔
آپ کا تبصرہ