مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے یوم القدس کے موقع پر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے عالمی سطح پر اجتماعات کی اپیل کی ہے۔
حماس کے ایک بیان میں دنیا بھر کے مرکزی شہروں اور دارالحکومتوں میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے مظاہروں کو بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے فلسطینی عوام، عرب اور اسلامی اقوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے تمام آزاد لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آئندہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو غزہ، القدس اور الاقصیٰ کے دفاع کے لیے متحرک ہو جائیں اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت کرتے ہوئے غاصب رژیم کی ہماری زمینوں کے خلاف سازشوں کو مسترد کریں۔
فلسطینی تحریک نے زور دیا کہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، قتل عام کو روکنے اور غزہ میں غذائی قلت کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کئے جائیں۔
حماس نے بیت المقدس اور الاقصیٰ کے ساتھ یکجہتی کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی میں امریکہ کے کردار کو بے نقاب کرنے پر بھی زور دیا۔
حماس نے عرب اور اسلامی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کریں، کیونکہ اسرائیل فلسطین کے خلاف وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، انہیں اس جنگ کو روکنے، غزہ کا محاصرہ ختم کرانے اور فلسطینیوں کی ثابت قدمی کی حمایت کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کرنا چاہیے۔
بیان میں دنیا بھر کے مبلغین اور علماء سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جمعہ کو فلسطین، غزہ، القدس اور الاقصیٰ کی حمایت کے عالمی دن کے طور پر وقف کریں اور فلسطینی مزاحمت اور بیت المقدس کا دفاع کریں۔
رمضان کے آخری جمعہ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کے حکم سے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے دن 'یوم القدس' کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یوم القدس مسلم ممالک کے علاوہ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی، سپین، برطانیہ، فرانس اور یونان سمیت 80 سے زائد ممالک میں منایا جاتا ہے۔
آپ کا تبصرہ