25 جنوری، 2025، 12:33 PM

صدر ٹرمپ اور ڈنمارک کی وزیر اعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو، سخت جملوں کا تبادلہ

صدر ٹرمپ اور ڈنمارک کی وزیر اعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو، سخت جملوں کا تبادلہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈنمارک کی وزیر اعظم کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ پر قبضے کا موقف دہرایا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی صدر ٹرمپ اور ڈنمارک کی وزیراعظم کے درمیان ٹیلفونک گفتگو کے اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب امریکی صدر نے گرین لینڈ کو خریدنے کی خواہش کو سنجیدہ قرار دیا۔

یورپی ذرائع نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے پچھلے ہفتے 45 منٹ تک ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن کے ساتھ بات کی۔ ٹرمپ نے اس پر زور دیا کہ وہ گرین لینڈ کے حوالے سے اپنے موقف میں سنجیدہ ہیں۔ تاہم فریڈرکسن نے کہا کہ ڈنمارک گرین لینڈ بیچنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ڈینش وزیر اعظم کے موقف کے جواب میں ٹرمپ نے جارحانہ اور مدافعتی رویہ اختیار کیا۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ گرین لینڈ کی سلامتی اور حفاظت امریکہ کے لیے اہم ہے کیونکہ چین اور روس قطب شمالی میں وسیع سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے جنوری کے آغاز میں دھمکی دی تھی کہ اگر ڈنمارک نے گرین لینڈ حوالے کرنے کی مخالفت کی تو اس کے خلاف ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اس جزیرے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کو مسترد نہیں کرتے۔ لوگوں کو یہ بھی پتہ نہیں کہ ڈنمارک کو قانونی طور پر اس جزیرے پر کوئی حق ہے یا نہیں؟ لیکن اگر انہیں کوئی حق حاصل ہے تو انہیں وہ حق چھوڑ دینا چاہیے کیونکہ ہمیں اس کی ضرورت ہے، تاکہ ہماری قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا تھا میں آزاد دنیا کے تحفظ کی بات کر رہا ہوں۔ چینی جہاز ہر جگہ ہیں، روسی جہاز ہر جگہ ہیں۔ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ کی واپسی سے ٹرانس اٹلانٹک تعلقات پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ اس ٹیلی فونک بات چیت کی تفصیلات سے یورپی حکام کی تشویش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ٹرمپ اور فریڈرکسن کے درمیان سخت ماحول میں ہونے والی بات چیت نے نیٹو اتحادیوں کے درمیان بحران کو مزید گہرا کردیا ہے۔ ٹرمپ کا مقصد بالکل واضح تھا وہ گرین لینڈ کو حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے جارحانہ رویے سے ڈنمارک کے حکام سخت پریشان ہیں۔

57000 کی آبادی پر مشتمل گرین لینڈ ایک اہم جغرافیائی علاقہ ہے جو قطب شمالی کے راستوں کے کھلنے سے جڑا ہوا ہے۔ یہ علاقہ معدنی وسائل سے بھی بھرپور ہے تاہم ان وسائل تک رسائی مشکل ہے۔

News ID 1929827

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha