2 اگست، 2024، 11:28 AM

پاکستانی قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

پاکستانی قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

پاکستانی قومی اسمبلی نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورحماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف  قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی۔ ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اسرائیلی مظالم کے باعث 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے۔  قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

قرارداد کے مطابق اسرائیلی بربریت سے خواتین اور بچے بھی شہید ہوئے۔  تمام پارلیمانی جماعتیں گزشتہ نو ماہ سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جبر و بربریت پر متحد ہو کر غم و غصے کا اظہار کرتی ہیں۔  ایسے واقعات کو فلسطینیوں کے خلاف جاری ظلم و بربریت کو روکنے اور خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سوچی سمجھی سازش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متن کے مطابق  یہ ایوان فلسطین میں اسرائیل کی طرف سے جاری ریاستی جبر و بربریت کو امت مسلمہ اور دنیا کے لیے ایک المیہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ایوان فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ کے خاندان اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کرتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان   اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر 2 اگست کو پورے پاکستان میں یوم سوگ منانے اور اسرائیلی بربریت کی واضح الفاظ میں مذمت کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

ایوان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی کال کو نافذ کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ فلسطینی عوام کے خلاف چھیڑی  جانے والی نسل کشی کی جنگ کو روکاجائے اور اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔  .

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ  عالمی برادری سے  اسرائیل کے ظلم و بربریت کو روکنے اور فلسطینی عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے موثر اجتماعی اقدامات کرنے اور   فلسطینی ریاست کو فوری طور پر اقوام متحدہ کا مکمل رکن بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

News ID 1925754

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha