مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں شوال المکرم (عید الفطر) کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت ہوگا، جس میں ملک بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی۔
رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو، سائنس اور ٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے۔
دریں اثنا ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی مقررہ مقامات پر ہوں گے، تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر آج (منگل کی) شام انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے مکمل ہوگی۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے قوی امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں بھی شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے پیش نظر اب وہاں عید الفطر (یکم شوال المکرم) کل 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔
آپ کا تبصرہ