مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہےکہ وزیراعظم پی آئی اے کی پرواز پی کے 859 کے ذریعے لاہور سے مدینہ روانہ ہوئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت 31 افراد پر مشتمل وفد روانہ ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔
وزیراعظم کے وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان دورے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
آپ کا تبصرہ