19 فروری، 2023، 12:25 PM

39ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا تہران میں آغاز

39ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا تہران میں آغاز

ایران کے 39ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب عید مبعث کے موقع پر گزشتہ روز دارالحکومت تہران میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے 39ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب عید مبعث کے موقع پر گزشتہ روز دارالحکومت تہران میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔

39ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف، خبرگان کونسل کے رکن آیت اللہ سید احمد خاتمی، محکمہ اوقاف و خیرات کے سربراہ حجة الاسلام مہدی خاموشی اور وزیر اسلامی ثقافت و ارشاد محمد مہدی اسماعیلی سمیت متعدد سرکاری حکام اور قرآنی اداروں اور سرگرمیوں میں مصروف عمل شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے آغاز میں پہلے ایران کا قومی ترانہ پیش کیا گیا اور اس کے بعد 38ویں قرآنی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی قاری قرآن کی خوبصورت تلاوت سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ 

محکمہ اوقاف ایران کے سربراہ حجة الاسلام مہدی خاموشی نے تقریب کی افتتاحی تقریر کہا کہ 39ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا آخری مرحلہ "ایک کتاب، ایک ملت" کے نعرے کے تحت منعقد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 ممالک سے 150 مرد و خواتین شرکاء نے ابتدائی کوالیفائر مقابلوں میں حصہ لیا جو قرائت، ترتیل اور حفظ کے مختلف شعبوں میں منعقد ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ان مقابلوں میں پہلی بار خواتین کے لیے ترتیل کے شعبے میں مقابلوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مقابلوں کے آخری مرحلے میں حفظ، ترتیل اور قرائت کے شعبے میں 33 ممالک کے 52 مرد و خواتین حصہ لے رہے ہیں۔

در ایں اثنا ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قومیں قرآن فہمی اور اس آسمانی کتاب کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے حاصل ہونے والی علم و معرفت کے ذریعے ہی ترقی، خوشحالی، عزت و وقار اور سکون حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم امت مسلمہ کو قرآن اور دینِ الہی کے ذریعے اور اتحاد و اتفاق کے سائے میں ترقی اور پیش رفت کی طرف لے جاسکتے ہیں اور ہمیں اس نکتے کو بطور ایک اصول اپنا نصب العین بنانا ہوگا۔ 

واضح رہے کہ رواں سال کے مقابلے "ایک کتاب؛ ایک امت" کے نعرے کے ساتھ ہو رہے ہیں اور مقابلوں کی اختتامی تقریب بدھ 22 فروری 2023 کے روز منعقد ہوگی جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی شرکت کریں گے۔ 

خیال رہے کہ ایران میں قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ہر سال محکمہ اوقاف اور خیراتی امور کے مرکز برائے قرآنی امور کے زیر اہتمام اور اسلامی ثقافت اور تعلقات کے ادارے، ایرانی وزارت خارجہ اور المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے تعاون سے ہوتا ہے۔

News ID 1914820

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha