مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک افغانستان کے معاملے پر پوری طرح باخبر ہیں، افغانستان کی صورتحال بگڑتی ہے تو سب متاثر ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہوتا ہے تو پورا خطہ اس سے مستفید ہوگا، طالبان قیادت کے سب سے رابطے ہیں، افغانستان کے لوگ کئی دہائیوں سے جنگ کا سامنا کر رہے ہیں، افغانستان کے لوگ امن چاہتے ہیں جو کہ ماضی میں ہونے والی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی سے ہم سب کو سبق سیکھنا ہے اسے دہرانا نہیں چاہیے، اگر افغانستان سے مثبت پیغام آرہا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، افغانستان کو اگر تنہا چھوڑا گیا تو اس کا نقصان سب کو ہوگا، انہوں نے کہا کہ کابل میں جاری انخلا کے عمل میں پاکستان مختلف ممالک کے سفارتی عملے کو نکالنے میں مدد فراہم کر رہا ہے، پی آئی اے نے اس صورتحال میں اہم کرداراداکیا، پاکستان پر لوگ اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
آپ کا تبصرہ