15 مارچ، 2021، 8:14 AM

پاکستان کے شہر پشاور میں حوالات میں لڑکے کی خودکشی / تھانہ تمام اہلکار معطل

پاکستان کے شہر پشاور میں حوالات میں لڑکے کی خودکشی / تھانہ تمام اہلکار معطل

پاکستان کے شہر پشاور میں تلخ کلامی کے بعد دکان داروں پر اسلحہ تاننے والے لڑکے کو دکان داروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر پشاور میں تلخ کلامی کے بعد دکان داروں پر اسلحہ تاننے والے لڑکے کو دکان داروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

 پولیس نے لڑکے کو حوالات میں بند کردیا جس کے بعد  حوالات سے لڑکے کی پھندا لگی لاش ملی، گورنر اور وزیراعلیٰ کے نوٹس پر پورا تھانہ معطل کردیا گیا جبکہ ایس ایچ او کو حراست میں لے لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ غربی کی حدود لیاقت بازار میں دکان داروں کے ساتھ تلخ کلامی پر ورسک روڈ  کے رہائشی 18 سالہ شاہ زیب ولد خیال اکبر نے دکان داروں پر اسلحہ تان لیا جس پر انہوں نے موقع پر شاہ زیب کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ مقامی پولیس نے شاہ زیب کے خلاف 15AA کے تحت ایف آئی آر درج رجسٹرڈ کی بعدازاں شاہ زیب کی حوالات میں پھندا لگی ہوئی لاش ملی جس کے بارے میں پولیس نے کہا ہے کہ ملزم نے اپنی جیکٹ سے خود کو لٹکا کر اپنی جان لے لی۔

واقعے کے بعد اہل خانہ نے احتجاج کیا والد کا بھی مذمتی بیان آیا جس میں انہوں نے بیٹے کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ لڑکے کی ہلاکت کی خبر سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر وائرل ہوگئی۔ طالب علم کی خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ لاک اپ میں لگے کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالب علم نے حوالات سے اٹھ کر حوالات میں لگی سلاخوں کے ساتھ باندھے ہوئے کپڑے سے خودکشی کی۔

نوجوان نے جس وقت خودکشی کی اس وقت حوالات کے آس پاس کوئی موجود نہیں تھا، پولیس عملے کی جانب سے غفلت برتی گئی جس سے معمولی نوعیت کے کیس میں لائے گئے طالب علم نے انتہائی قدم اٹھایا اور نوجوان نے خود کشی کرلی۔

وزیراعلی کے نوٹس لینے کے بعد آئی جی پی فوری طور پر متعلقہ تھانے پہنچ گئے اور متعلقہ محرر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ لڑکے کی ہلاکت پر تھانہ غربی کا پورا عملہ معطل ہوگیا جب کہ ایس ایچ او دوست محمد کو حراست میں لے لیا گیا۔

سی سی پی پشاور عباس احسن نے کہا ہے کہ حوالات میں کم سن طالب علم کی ہلاکت پر تھانہ غربی کے ایس ایچ او دوست محمد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ پولیس اسٹیشن کے تمام عملے کو معطل کر دیا ہے ساتھ ہی ایس ایچ او تھانہ غربی دوست محمد کو وردی میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی سی پی او کا کہنا تھا کہ تھانہ غربی کے حوالات میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کرسکوں۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ کم سِن طالب علم شاہ زیب کی لاک اپ میں مبینہ خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، اس سلسلے میں جوڈیشل انکوائری کرائی جائے گی اور حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہل کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

News Code 1905661

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha