مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکہ کے سابق ڈکٹیٹر صدر ٹرمپ کی ایران کے خلاف معاندانہ پالسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئۓ کہا ہے کہ ایرانی عوام کے دشمن ذلت اور رسوائی کے ساتھ سرنگوں ہوگئے۔
صدر حسن روحانی نے مشرق وسطی اور خلیج فارس میں گیس کی سب سے بڑی ریفائنری بید بلند کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم پراجیکٹ کے افتتاح سے ثابت ہوگيا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی زیادہ سے زیادہ اقتصادی پابندیوں کی پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی اور ایران پیشرفت اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور ایران کو زمین سے لگآنے والے دشمن خود سرنگوں ہوگئے۔ صدر روحانی نے اس پراجیکٹ کی تکمیل میں سرگرم کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کی خدمت ہمارے لئے فخر کا باعث ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کانگریس پر حملے کی حمایت کرکے ثابت کردیا کہ امریکی حکومت امریکہ کے اندر اور باہر دہشت گردانہ کارروائیوں کی حمایت کرتی ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ ٹرمپ نے امریکہ کے دہشت گردانہ چہرے سے نقاب کو اتار کر اس کا مخفی اور منحوس چہرہ دنیا کے سامنے پیش کردیا ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ گيس اور تیل ہمارا قومی سرمایہ اور ہماری قومی طاقت اور قدرت کا مظہر ہے دنیا کو ایران کے گیس اور تیل کی ضرورت ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ ہم اقتصادی لحاظ سے آئندہ آنے والی حکومت کے لئے راہیں ہموار کررہے ہیں اور پیداوار میں سرعت عمل صرف موجودہ سال سے مختص نہیں بلکہ اس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہےگا۔
آپ کا تبصرہ