مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے امرتسر ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے والدین کے بچوں کو گود لینے کا اعلان کردیا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے سیاحت و ثقافت نوجوت سدھو نے کہا کہ وہ آج اعلان کررہے کہ امرتسر ٹرین حادثے میں جان سے جانے والے والدین کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری وہ اٹھائیں گے اور اس کام میں ان کی اہلیہ بھی ساتھ ہوں گی۔
سدھو نے کہا کہ میں اور میری اہلیہ اپنی ذاتی حیثیت میں ان بچوں کو بہترین تعلیمی اداروں میں پڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اخراجات اٹھائیں گے جب کہ ان خواتین کی بھی بھرپور مالی معاونت کریں گے جن کے شوہر اس افسوس ناک حادثے میں لقمہ اجل بن گئے۔
واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو امرتسر میں ہندو مذہب کی رسم دسہرا کی تقریب کے دوران پٹڑی پر موجود افراد تیزرفتار ٹرین کی زد میں آگئے تھے اور اس حادثے میں 61 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
آپ کا تبصرہ