1 اکتوبر، 2017، 1:47 AM

پاکستان بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا / سکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا / سکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا جس کے لیے سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان  بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا جس کے لیے سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پاکستان  بھر میں یوم عاشور کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظامات 7 محرم الحرام سے ہی سخت ہیں، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جب کہ ہنگو میں موٹرسائیکل چلانے پر ہی پابندی لگادی گئی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں 8 اور 9 محرم الحرام کو موبائل فون سروس معطل رکھی گئی جب کہ یوم عاشور کے روز بھی موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

کراچی میں بھی یوم عاشور پر صبح 10 بجے سے موبائل فون سروس معطل رہے گی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے جلوس کے روٹ پر فوج اور رینجرز سے مدد طلب کی ہے جب کہ ٹریفک پولیس نے بھی نویں اور دسویں محرم الحرام کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

پنجاب حکومت نے مرکزی جلوس کے اطراف موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت موچی گیٹ سے کربلا گامے شاہ تک موبائل سروس معطل رہے گی۔ پنجاب حکومت نے لاہور میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فضائی نگرانی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں بھی مرکزی جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور نے شہر میں 10 محرم کے تمام ماتمی جلوسوں کو حساس قرار دیا ہے۔

سی سی پی او کے مطابق پشاور میں تقریباً 120 ماتمی جلوس اور 300 سے زیادہ مجالس ہیں اور محرم الحرام میں دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے۔

سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ شہر میں مجموعی طور پر 10 ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات ہیں، مختلف مقامات پر اضافی ناکہ بندیاں کی گئی ہیں، شہر میں مجموعی طور پر 225 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جب کہ سیکیورٹی کے لیے پاک فوج، ایف سی اور دیگر اداروں کی مدد حاصل ہے۔

News ID 1875647

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha