مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی ۔ نماز جمعہ کے خطبموں میں خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ اگر سرزمین حجاز کے عوام کا آل رسول (ص) اور مسئلہ ظہور پر اعتقاد اور یقین ہوتا تو آل سعود ان پر حکومت نہیں کرسکتے تھے آل سعود کے پیسے کے ذریعہ امریکہ اور اسرائیل اسلام کو نابود کرنا چاہتے ہیں۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ قرآن مجید کی متعدد آیات ہمیں امام زمانہ (عج) کے قیام کی بشارت اور آخری زمانے کے حوادث کے بارے میں بتا رہی ہیں کہ آخری دور میں کیسے کیسےحوادث رونما ہوں گے ظلم و ستم اور بربریت و جارحیت کا دور دورہ ہوگا اور جب دنیا ظلم و جور سے بھر جائے گی تو امام زمانہ اور حجت خدا (عج) اس دنیا کو اللہ تعالی کے حکم سے عدل و انصاف سے بھر دیں گے۔ اور دنیا پر اللہ تعالی کی حکمرانی ہوگی ۔ جس کے مجری پیغمبر اسلام (ص) کے جانشین اور ان کے برحق خلیفہ ہوں گے ۔
آیت کاشانی نے کہا کہ تمام اسلامی مساجد کے علماء کو چاہیے کہ وہ مسئلہ مہدویت کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں ، کیونکہ امام مہدی (عج) ہی وہ الہی ہستی ہیں جو اس دور کے ظالموں کے تمام ظالمانہ اور منافقانہ نقشوں کو نقش بر آب کردیں گے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے امام مہدی (عج) کے بارے میں عالم اسلام کی عدم توجہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جس طرح شیعہ مسلمانوں کی توجہ امام مہدی (عج) پرمرکوز ہے اگر اسی طرح عالم اسلام کی توجہ بھی مسئلہ مہدویت پر ہوتی تو عالم اسلام کا نقشہ کچھ اور ہی ہوتا۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ سعودی عرب یمن میں ہولناک اور بہیمانہ جرائم کا ارتکاب کررہا ہے مسلمانوں مردوں ، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کررہا ہے سعودی عرب عراق، شام، افغانستان، پاکستان اور لیبیا میں مجرمانہ کارروائیوں اور دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہے ۔ سعودی عرب خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہا ہے اور سعودی عرب کے مال و زر کے ذریعہ امریکہ اور اسرائیل، اسلام کو نابود کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ اگر سرزمین حجاز کے عوام کا آل رسول (ص) اور مسئلہ ظہور پر اعتقاد اور یقین ہوتا تو آل سعود جیسا بدنام زمانہ ، ظالم و جابر اور جرائم پیشہ خاندان ان پر حکومت نہیں کرسکتا تھا اور ان پر مسلط نہیں ہوسکتا تھا۔
آپ کا تبصرہ