12 ستمبر، 2015، 12:12 AM

برطانیہ میں بچے کو چھڑی سے مارنے پر دو معلموں کو قید کی سزا

برطانیہ میں بچے کو چھڑی سے مارنے پر دو معلموں کو قید کی سزا

برطانیہ کی عدالت نے اسلامک سینٹر میں قرآن مجید پڑھنے والے بچے کو چھڑی سے مارنے پر دو سنی معلموں کو ایک ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ کی عدالت نے قرآن مجید پڑھنے والے بچے کو چھڑی سے  مارنے پر دو سنی معلموں کو ایک ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اطلاعات کے مطابق برمنگھم کے علاقے اسپارک بروک میں واقع اسلامک سینٹر میں بچوں کو قرآن پڑھانے والے 2 معلمین محمد صدیق اور ان کے بیٹے محمد وقار پر الزام تھا کہ انہوں نے 10سالہ بچے کو ’جماعت میں گفتگو کرنے پر پلاسٹک کی چھڑی سے مارا اور اسے تھپڑ رسید کئے۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ بچے کو چار مختلف مواقع پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان واقعات کے باعث بچہ دباؤ کا شکار ہوا۔ شدید ذہنی دباؤ کی وجہ سے بچے کے سر کے بال جھڑنے شروع ہوگئے تھے۔بچے نے عدالت کو بتایا کہ معلمین کے تشدد کی وجہ سے وہ شدید گرم موسم میں بھی اپنے جسم پر موجود خراشوں کو کپڑوں میں چھپائے رکھتا اور اسلامک سینٹر جانے سے بچنے کے لیے پیٹ درد کا بہانہ بناتا تھا۔محمد صدیق اور محمد وقار کے وکیل نے اپنے موکلین کے دفاع میں موقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان کا سابقہ کردار اچھا رہا ہے اور وہ اپنے کیے پر پشیمان ہیں۔ اس لئے عدالت انہیں معاف کرے یا کم سے کم سزا دے۔مقدمے کی سماعت کرنے والے جج نے دونوں اساتذہ کو ایک ایک برس قید کی سزا سناتے ہوئے انہیں مخاطب کرکے کہا کہ بچے پر ظلم غلطی سے نہیں کیا گیا۔ ایک چھڑی کے ساتھ جس قسم کے وحشیانہ اقدام میں آپ دونوں ملوث رہے ہیں اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

News ID 1858068

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha