مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے وعدہ صادق 3 آپریشن کے تحت اسرائیل کی دفاعی اور صنعتی تنصیبات پر میزائل حملہ شروع کیا ہے۔
اس سے پہلے سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی دفاعی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ مزید بڑھایا جائے گا۔
کچھ دیر پہلے قابض صیہونی فوج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں پر ایران کے وسیع پیمانے پر نئے راکٹ حملوں کی اطلاع دی ہے۔
صیہونی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے ایران کی جانب سے مقبوضہ علاقوں پر جدید اور نقطہ زن بیلسٹک میزائلوں کی نئی لہر کی نشاندہی کی ہے، اور ہم صیہونی شہریوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پناہ گاہوں میں چلے جائیں اور اگلے اعلان تک وہیں رہیں۔
فی الحال صیہونی فضائی دفاعی نظام فعال ہو چکے ہیں اور ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، یہ وہ کام ہے جس میں صیہونی فوج حالیہ دنوں میں کئی مرتبہ ناکام ہو چکی ہے۔
صیہونی ذرائع نے تل ابیب، حیفہ اور مقبوضہ علاقوں کے ساحلی میدانی علاقوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاع دی ہے۔
صیہونی حکومت کے چینل 12 نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم ایک ایرانی بیلسٹک میزائل مقبوضہ علاقوں کے مرکزی حصے میں آ کر گرا ہے اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔
یدیعوت آحارونوت نے بھی تصدیق کی ہے کہ آئرن ڈوم (گنبدِ آہن) دفاعی نظام کی ناکامی کے بعد ایک ایرانی بیلسٹک میزائل سیدھا تل ابیب کے مرکزی علاقے میں ایک عمارت سے ٹکرا گیا ہے۔
نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے اس خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں لہٰذا نئی معلومات کیلئے صفحہ ریفریش کریں
آپ کا تبصرہ