28 نومبر، 2026، 5:51 PM

آبنائے ہرمز دشمنوں کے لیے بند، سمندری محاصرہ توڑنے کے منصوبے تیار ہیں، ایرانی بحریہ

آبنائے ہرمز دشمنوں کے لیے بند، سمندری محاصرہ توڑنے کے منصوبے تیار ہیں، ایرانی بحریہ

ایرانی بحریہ کے معاون آپریشنل کمانڈر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت پر سخت نگرانی جاری ہے اور دشمن کے سمندری محاصرے کو توڑنے کے لیے مسلح افواج کے پاس منصوبے موجود ہیں، جن پر احکامات ملتے ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی بحریہ کے معاون آپریشنل کمانڈر ریئر ایڈمرل فرہاد فتاحی نے آبنائے ہرمز کی تازہ ترین آپریشنل صورت حال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آبی گزرگاہ میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کو سپاہ پاسداران کی بحریہ کے ساتھ ہم آہنگی اور مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی ہدایات کے مطابق کنٹرول اور مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایرانی بحریہ اور سپاہ پاسداران انقلاب کے درمیان ذمہ داریوں کی تقسیم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی جانب سے جاری کردہ تقسیم کار کے مطابق آبنائے ہرمز کے مغربی حصے کا کنٹرول سپاہ کے پاس ہے، جبکہ مشرقی حصے میں ایرانی بحریہ نگرانی، کنٹرول اور معاونت کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور دونوں فورسز کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون موجود ہے۔

ایڈمرل فتاحی نے بحیرہ عمان اور شمالی بحر ہند میں ایرانی بحریہ کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آپریشنل دائرہ جاسک کے قریب سے مشرق کی جانب پھیلا ہوا ہے اور ہمارے بحری یونٹ اس علاقے میں ملک کی آبی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے اس علاقے کو ’’تنگہ احد ولایت‘‘ کا نام دیا ہے۔

ایرانی بحریہ کے معاون آپریشنل کمانڈر نے آبنائے ہرمز کھلی ہونے اور جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ آبنائے ہرمز ہمارے دشمنوں کے لیے بند ہے اور صرف بعض ممالک کو بحریہ سپاہ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کے ساتھ رابطہ اور مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی ہدایات کے تحت نگرانی میں گزرنے کی اجازت حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی ملک کا ایران کے ساتھ ہم آہنگ ہونا لازمی طور پر فوجی معاہدے یا عسکری وابستگی کا مطلب نہیں ہے، بلکہ اس سلسلے میں اقتصادی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔

ایڈمرل فتاحی نے آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں محدود بحری نقل و حرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فریق نے بعض جہازوں کی آمد و رفت کے لیے جو راستہ متعین کیا ہے، وہاں جہاز رانی کو سنگین پابندیوں اور خطرات کا سامنا ہے۔ پانی کی گہرائی، بڑے جہازوں کا زیر آب حصہ، سمندری رکاوٹیں اور چٹانیں، نیز بحری جہازوں کی رہنمائی کرنے والے بعض نظاموں کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث بڑے جہازوں کے لیے ہر راستے سے محفوظ گزرنا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بعض جہازوں کو محدود راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، حتیٰ کہ ایندھن کی فراہمی اور سامان کی منتقلی کے لیے چھوٹے جہازوں اور ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں سامان منتقل کرنے کے طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔

ایرانی بحریہ کے معاون آپریشنل کمانڈر نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت پر پابندیاں مزید سخت کرنے کے لیے آرمی چیف کے حالیہ حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر ایرانی بحریہ اور بحریہ سپاہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ عمل کیا جا رہا ہے اور اس آبی گزرگاہ میں جہازوں کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جھڑپیں اب بھی جاری ہیں اور جنوبی بحری بیڑے کے ایرانی یونٹس کو مسلسل امریکی سرگرمیوں کا سامنا ہے۔ ان میں سے بعض محاذ آرائیاں اس سطح پر ہو رہی ہیں کہ ان کی تفصیلات ذرائع ابلاغ میں بیان نہیں کی جا سکتیں۔

ایڈمرل فتاحی نے کنارک کے تیسرے بحری علاقے میں دفاعی مشن کے دوران بحری اہلکار محمد عباسی کی شہادت کی خبر بھی دی۔ انہوں نے شہید کی تشییع جنازہ میں عوام، بالخصوص نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام اور مسلح افواج نیز شہدا کے خاندانوں کے درمیان مضبوط تعلق برقرار ہے۔

سمندری محاصرے کا مقابلہ کرنے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اقتصادی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مسلح افواج کی حکمت عملی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے منصوبے تیار ہیں اور مسلح افواج ان پر عمل درآمد کے احکامات کی منتظر ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسلح افواج کے طے کردہ طریقہ کار کے مطابق اس سمندری محاصرے کو توڑ دیا جائے گا اور عوام کو اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

News ID 1943183

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha