مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے ایران کے خلاف امریکی فوجی جارحیت اور امریکی صدر کے جنگ پسندانہ بیانات کو جواز فراہم کرنے کی کوشش پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کینیڈین وزیراعظم نے امریکہ کی جارحیت اور جنگ پسندی کی مذمت کرنے کے بجائے اسے جواز فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور ایک ملک کو تباہ کرنے کی دھمکی کو جنگ کے دور کی زبان قرار دیا ہے۔
بقائی نے مزید لکھا کہ مارک کارنی کو معلوم ہونا چاہیے کہ وقت اتنا بے رحم ہے کہ وہ وہم اور منافقت کو ہمیشہ جاری رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ایک دن وہ ان لوگوں کو، جو امریکہ کی دھونس کے سائے میں کھڑے ہوئے اور یہ سمجھتے رہے کہ طاقتوروں کی زبان دہرا کر خود کو طاقت کے نقصان سے محفوظ رکھ سکتے ہیں، یہ دکھا دے گا کہ حقیقت سے آنکھیں بند کرنا اور عزت نفس و انسانی وقار کو فروخت کرنا انسان کو نجات نہیں دیتا؛ بلکہ اسے طاقت کے سامنے مزید بے سروسامان کر دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاید وہ دن آئے جب وہ آج کے ایران کو دیکھیں اور سمجھیں کہ جس ملک کو ایک زمانے میں طاقتوروں کے ساتھ مل کر کچلنے کی کوشش کی گئی تھی، وہی ملک طاقت کے سامنے کھڑے ہو کر ایک ایسی مشعل روشن رکھے ہوئے تھا جو اگر بجھ گئی تو انسانوں کے درمیان عریاں طاقت کے سوا کچھ باقی نہیں رہے گا اور اختلافات حل کرنے کا انسان کا مہذب اور انسانی راستہ طاقت کی بے رحم منطق کے نیچے دفن ہو جائے گا۔
آپ کا تبصرہ