مہر خبرساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای نے اسکولوں اور جامعات کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں حالیہ مسلط کردہ جنگ میں شہید ہونے والے اساتذہ، پروفیسرز اور طلباء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اسکولوں اور جامعات کا دوبارہ کھلنا قوم کے لیے نشاط، امید اور روشن و شاندار مستقبل کی جانب تیز رفتار پیش قدمی کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس روشن مستقبل کی تعمیر ایران کے عزیز فرزندان اور اسلام و اسلامی انقلاب کے مکتب سے تربیت پانے والی نسل کے ہاتھوں میں ہے، وہی نسل جس سے امام خمینی اور شہید رہبر انقلاب نے بارہا اپنی امیدوں کا اظہار کیا ہے۔
رہبر انقلاب نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد کی جانب سے علم و حکمت کے حصول کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر سوگوار والدین کے ساتھ ہم آواز ہو کر حالیہ مسلط کردہ جنگ میں شہید ہونے والے طلباء کی یاد کو ایک بار پھر زندہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال تعلیمی سال کے ابتدائی یادگار دن اپنے بچھڑ جانے والے بچوں کی جدائی کا غم تازہ کریں گے اور اسکولوں و جامعات میں بعض طلباء، اساتذہ اور پروفیسرز کی خالی جگہیں محسوس ہوں گی۔ یہ غم ہمارے ذہنوں کو خیر و شر اور حق و باطل کے درمیان صحیح کشمکش کی جانب متوجہ کرے گا۔
رہبر انقلاب نے طلباء کی آج کی ذمہ داری کو علم و تقویٰ، امید و اخلاق اور دانائی و توانائی سے خود کو لیس کرنا اور جہالت و تاریکی کے پردوں کو دور کرنا قرار دیا تاکہ وہ علم کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے ترقی کی بلند چوٹیوں کو فتح کریں اور اسلامی ایران کی سربلندی کے لیے اپنی تاریخی ذمہ داری پوری کریں۔
انہوں نے اسکول اور یونیورسٹی کو طلباء کا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ طلباء ان اداروں کی حدود اور حرمت کی بہترین انداز میں حفاظت کریں اور اپنے شعور و بصیرت کی سطح بلند کرنے کے ساتھ اپنے رویوں اور کردار کو بہتر بنائیں تاکہ یہ ادارے وطن کی ترقی کے مراکز بن سکیں۔
رہبر انقلاب نے طلباء کو تعلیمی اداروں میں گزارے جانے والے برسوں کے موقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی سب سے اہم ضرورت یعنی خالق متعال کے ساتھ تعلق، اپنے ہم نوع افراد، ہم وطنوں اور خاندان کے ساتھ تعلق اور علم و مختلف مہارتوں کے حصول کے ذریعے اپنی ذات کی تعمیر پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے طلباء کو درست سوچنے اور جدت کی مشق کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنی قومی شناخت، عزت، ثقافتی خودمختاری، مادری زبان، اسلامی نظام کے مقدس پرچم اور اس کی دیگر علامتوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔ جلد ہی وہ وقت آئے گا جب ہر طالب علم کو معاشرے میں اپنا مناسب کردار تلاش کرنا ہوگا اور اس وقت اپنی ذمہ داری بہترین انداز میں ادا کرکے وہ خود بھی اور اپنے ملک کو بھی سربلند کرسکیں گے۔
انہوں نے موجودہ دور میں سلطہ طلب نظام بالخصوص امریکہ اور صہیونی حکومت کی بربریت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علم کے ساتھ تقویٰ اور اخلاق سے حاصل ہونے والی طاقت فولادی ڈھال اور تیز دھار تلوار کی مانند ہے جو انسانیت کے خلاف جارحیت کرنے والوں کے ہاتھ روک دیتی ہے۔
رہبر انقلاب نے کہا کہ آج طلباء ان کلاس رومز میں حاضر ہو رہے ہیں جہاں کچھ عرصہ پہلے ان سے پہلے کی نسلیں انہی نشستوں پر بیٹھا کرتی تھیں، لیکن آج وہ اسلامی ایران کے لیے وطن اور عزت کے دفاع کے مختلف محاذوں پر اقتدار اور سربلندی پیدا کر رہی ہیں۔ یہی افراد طلباء کے لیے نمونہ اور مشعل راہ ہوں گے، جس طرح ان سے پہلے انہی کلاسوں میں بیٹھنے والے افراد قربانی، ملک کی عظمت اور بزرگی کی علامت بن چکے ہیں۔
رہبر انقلاب نے اپنے پیغام میں اساتذہ اور پروفیسرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی تعلیمی زندگی کے ہر مرحلے میں اپنے اساتذہ کے احسان مند ہیں۔ یہ عزیز اور محبوب طبقہ، جو اکثر اپنے شاگردوں کے خالص جذبات کا سامنا کرتا ہے، اس بات کا مستحق ہے کہ مختلف مواقع اور اجتماعات میں سب کی جانب سے اس کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ میں عام طور پر پائی جانے والی قناعت اور خودداری انہیں درپیش موجودہ معاشی حالات کے بارے میں ذمہ دار حکام کو مطمئن نہیں کرتی اور امید ہے کہ حکمت پر مبنی منصوبہ بندی کے ذریعے ان کے معاشی حالات کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے حالیہ تیسری مسلط کردہ جنگ میں شہید ہونے والے پروفیسرز، اساتذہ، طلباء اور طالبات، خصوصاً شہید رہبر کو خراج عقیدت پیش کیا اور علم و دین کے تمام مربیوں، اساتذہ اور پروفیسرز کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایران کے تمام طلباء و طالبات کو نئے تعلیمی سال کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بابرکت دعا کے سائے میں علم، ادب اور ترقی کی بلند چوٹیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ