11 اگست، 2026، 6:53 PM

ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹ کر دنیا کے سامنے اپنی طاقت ثابت کردی، عراقچی

ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹ کر دنیا کے سامنے اپنی طاقت ثابت کردی، عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹ کر اپنی طاقت ثابت کی اور دشمن کو مذاکرات کی درخواست دینے پر مجبور کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ نے ثابت کردیا کہ اسلامی جمہوری ایران ایک سخت جان اور ناقابلِ شکست طاقت ہے اور وہ امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے مقابلے میں اپنے مؤقف پر ڈٹ کر کھڑا رہ سکتا ہے۔

تہران میں جنگ سے ہونے والے نقصانات کی بحالی کے لیے سفارت کاری اور صحت کے شعبوں کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عراقچی نے حالیہ جنگوں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور بالخصوص طبی شعبے سے وابستہ ان افراد کی قربانیوں کو سراہا جنہوں نے شدید بمباری کے باوجود زخمیوں اور مریضوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں کے دوران ملک کے عوام اور مختلف اداروں نے غیر معمولی قربانی، شجاعت اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ ان حالات میں ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی مراکز کے عملے نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر مریضوں اور زخمیوں کی دیکھ بھال جاری رکھی اور شدید ترین بمباری کے باوجود اسپتالوں، کلینکس اور طبی مراکز کو بند نہیں ہونے دیا۔

عراقچی نے ایرانی مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی فورسز نے جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی بظاہر سب سے بڑی فوج کو بے بس اور شکست سے دوچار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض نعرہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جس کا پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ حالیہ جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران نے خود کو دنیا کے سامنے ثابت کیا اور واضح کردیا کہ وہ ایک سخت جان اور ناقابلِ شکست طاقت ہے۔

عراقچی نے کہا کہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ ایران امریکا، اسرائیل اور متعدد دیگر ممالک کے مقابلے میں اس انداز میں مزاحمت کرے گا، اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور بالآخر دشمن کو مذاکرات کے لیے درخواست دینے پر مجبور کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے میدان جنگ کی طرح سفارت کاری کے محاذ پر بھی اپنے حقوق کا مؤثر دفاع کیا ہے۔

عراقچی نے کہا کہ انہیں مختلف حکام کی جانب سے یہ بات سننے کو ملی کہ ایران نے جنگ بھی جیتی اور سفارت کاری بھی۔ یہ کامیابی پوری ایرانی قوم کی قربانیوں اور مزاحمت کا نتیجہ ہے، جس میں طبی شعبے سے وابستہ افراد کی خدمات بھی نمایاں ہیں۔

عراقچی نے کہا کہ وزارت خارجہ کی اہم ذمہ داریوں میں سے ایک جنگ کے حالات میں ملک کے طبی نظام کی ضروریات پوری کرنے میں معاونت کرنا ہے اور بیرون ملک موجود تمام ایرانی سفارتی مشنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ صحت سے متعلق سفارت کاری کے میدان میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ جنگ کے دوران وزارت خارجہ نے وزارت صحت کے تعاون سے ملک کی ادویات اور طبی آلات کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں ایران منتقل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔

عراقچی نے وزارت صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات کے باوجود وزارت صحت نے علاج اور طبی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور ملک میں طبی سامان اور ادویات کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔

News ID 1940638

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha