14 جولائی، 2026، 4:21 PM

آبنائے ہرمز پر ایرانی عوام کے حقوق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ترجمان ایرانی فوج

آبنائے ہرمز پر ایرانی عوام کے حقوق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ترجمان ایرانی فوج

بریگیڈئیر محمد اکرمی نیا نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج آخری سانس تک آبنائے ہرمز میں ایران کے حقوق کا دفاع کریں گی اور اس کی بحالی صرف ایران کے حقوق اور جنگ بندی مفاہمتی یادداشت کی شرائط کے احترام سے ہی ممکن ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل محمد اکرمی نیا نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آخری سانس تک ڈٹی رہیں گی اور اس معاملے پر ذرہ برابر بھی پسپائی اختیار نہیں کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق، تہران میں ابن سینا چوک پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے رہبر انقلاب اور دیگر فوجی کمانڈروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ایرانی عوام گزشتہ چار ماہ سے ثابت قدمی کے ساتھ میدان میں موجود ہیں اور اپنی حمایت سے دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب کے جنازے میں عوام کی تاریخی شرکت نے دنیا بھر میں ایک منفرد مثال قائم کی، جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ عوام کا یہی جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی قوم رہبرِ انقلاب کے راستے پر ثابت قدم ہے۔

ترجمانِ نے کہا کہ دشمن نے رہبر انقلاب اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنا کر نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کی، تاہم عوام کے اتحاد اور استقامت نے ان تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی جانب سے حملہ آوروں سے انتقام لینے کے مطالبات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ شہداء کے خون کا بدلہ لینا تمام ذمہ داران اور مسلح افواج کی ذمہ داری ہے، اور ایرانی فوج خود کو اس مقصد کا پابند سمجھتی ہے۔

بریگیڈئیر اکرمی نیا نے امریکہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت ماضی سے ہی وعدہ خلافی کی تاریخ رکھتی ہے۔ جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت میں امریکہ نے آبنائے ہرمز کے بارے میں ایرانی انتظامات کو قبول کیا تھا، لیکن بعد میں نئے راستے تلاش کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی مسلح افواج نے دوٹوک انداز میں اعلان کر دیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ انتظامات کے علاوہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی اقدام کا ایران بھرپور جواب دے گا۔

ترجمان نے زور دے کر کہا کہ آبنائے ہرمز جنگ، جارحیت یا طاقت کے استعمال سے نہیں کھلے گی بلکہ اس کی بحالی کا واحد راستہ ایران کے حقوق کا احترام، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ایرانی مسلح افواج سپریم کمانڈر کی قیادت میں ایران، انقلاب اور ایرانی عوام کے دفاع کے لیے آخری قطرۂ خون تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔

News ID 1940293

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha