20 جنوری، 2026، 11:14 PM

بغداد میں مذاکرات کی کوشش، ایران اور امریکہ دونوں سے رابطے میں ہیں، عراقی وزیر اعظم

بغداد میں مذاکرات کی کوشش، ایران اور امریکہ دونوں سے رابطے میں ہیں، عراقی وزیر اعظم

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر بغداد واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ عراق، ایران اور امریکہ دونوں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بغداد میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان مکالمے کے لیے ایک مناسب فضا قائم کی جاسکے۔ انہوں نے خطے میں استحکام اور سلامتی کو عراق کی بنیادی ترجیح قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق، محمد شیاع السودانی نے یورپی یونین کے سفیروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ مشرق وسطی میں بڑھتی کشیدگی، بالخصوص شام کی صورت حال پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس کے پیش نظر علاقائی استحکام کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا اس وقت شدید عدم استحکام سے دوچار ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں پر مبنی نظام اس حد تک کمزور ہوا ہے۔ انہوں نے طاقت، جنگ اور ایک فریق کی مرضی مسلط کرنے کے رجحان کو انتہائی خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے ایران کے ساتھ عراق کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بغداد، اسلامی جمہوری ایران اور امریکی حکومت دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے۔

السودانی نے بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ عراق کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عین الاسد اڈا مکمل طور پر عراقی کنٹرول میں آچکا ہے، بغداد میں اتحاد کے مشیروں کی تعداد میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ اربیل کے حریر اڈے میں ان کا مشن ستمبر 2026 تک مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عراق داعش کے خلاف عالمی اتحاد کا ایک فعال شراکت دار رہے گا۔

انہوں نے شام کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں عدم استحکام بڑھ رہا ہے اور جیلوں میں موجود داعش اور دیگر شدت پسند عناصر کی سرگرمیوں میں اضافے کا خطرہ موجود ہے۔

عراقی وزیر اعظم نے شام میں ایک جامع اور شفاف سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیا جو تمام طبقوں کو شامل کرے اور دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی کے خاتمے کے ساتھ انسانی حقوق کے احترام کی ضمانت دے۔
 

News ID 1937791

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha