مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ساتویں دور کے اسٹریٹجک مذاکرات کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق دونوں فریقین نے چین، افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھنے اور چین، بنگلادیش اور پاکستان کے تعاون کے طریقۂ کار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نئے نتائج اور کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے افغانستان کے معاملے پر قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کابل کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا ہے تاکہ وہاں ایک جامع سیاسی فریم ورک تشکیل دیا جا سکے، جس کی بنیاد پائیدار ترقی، ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور عالمی برادری میں شمولیت ہو۔
پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے اور ان کے خلاف مزید ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مشترکہ بیان میں اس بات پر بھی تاکید کی گئی کہ کابل کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ دہشت گرد تنظیمیں افغان سرزمین کو دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ کر سکیں اور نہ ہی دیگر ممالک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالیں۔
آپ کا تبصرہ