21 نومبر، 2025، 6:26 PM

قاہرہ معاہدے کا افسوسناک انجام، ذمہ دار امریکہ اور یورپی ممالک ہیں، ایرانی وزیرخارجہ

قاہرہ معاہدے کا افسوسناک انجام، ذمہ دار امریکہ اور یورپی ممالک ہیں، ایرانی وزیرخارجہ

ایرانی وزیرخارجہ نے قاہرہ معاہدہ کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور یورپی ممالک کو موجودہ بحران کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک کی مسلسل اشتعال انگیزی اور ایران مخالف اقدامات کے نتیجے میں قاہرہ معاہدہ باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے مصر کی ثالثی سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ادارے کے ساتھ معاہدہ کیا تھا تاکہ معائنہ کاروں کو دوبارہ ایٹمی مراکز تک رسائی دی جاسکے لیکن امریکہ اور یورپی ممالک نے اس عمل کو سبوتاژ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح جون میں اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر حملہ کر کے سفارت کاری کو نقصان پہنچایا تھا، اسی طرح اب قاہرہ معاہدہ بھی انہی کے ہاتھوں ختم ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے واقعات کی ترتیب بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب ایران اور امریکہ کے درمیان چھٹے دور کے مذاکرات قریب تھے، ایران پر اسرائیل اور پھر امریکہ نے حملہ کیا۔ اس کے باوجود ایران نے ایٹمی ادارے کے ساتھ تعاون بحال کیا لیکن یورپی ممالک نے امریکی دباؤ میں آکر اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف قراردادیں پیش کیں۔ بعد ازاں جب ایران نے معائنہ کاروں کو اپنی تنصیبات تک رسائی دی، تو امریکہ اور یورپی ممالک نے مل کر ایران کو بورڈ آف گورنرز میں موردِ الزام ٹھہرایا۔

عراقچی نے کہا کہ یہ سب کے لیے واضح ہے کہ ایران بحران پیدا کرنے والا فریق نہیں بلکہ نیک نیتی سے تعاون کر رہا ہے، لیکن اس کا جواب دباؤ اور اشتعال انگیزی سے دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ قاہرہ معاہدے کا خاتمہ براہ راست امریکہ اور یورپی ممالک کے اقدامات کا نتیجہ ہے، اور ایران اپنےپرامن جوہری حقوق کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھائے گا۔

News ID 1936629

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha