مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی خلائی تحقیقاتی مرکز کے ڈائریکٹر وحید یزدانیاں نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ لانچنگ ٹیکنالوجی میں نمایاں پیش رفت حاصل کر چکا ہے اور ایران اب سالانہ چھ سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کرتا ہے۔
انہوں نے اصفہان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ سیٹلائٹس کی تیاری میں تیزی سے ترقی کی ہے، جو ملک کے خلائی پروگرام کے روشن مستقبل کی نشاندہی کرتی ہے۔
یزدانیاں نے یاد دلایا کہ 1990 کی دہائی میں ایران کی جانب سے مقامی سیٹلائٹ لانچ کرنے کی کوششیں ناکام رہی تھیں، تاہم 2000 کی دہائی میں ایرانی سائنسدانوں کی مسلسل محنت کے نتیجے میں پہلا کامیاب لانچ ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹس مواصلاتی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری لاتے ہیں، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی براہِ راست متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلائی شعبہ قومی سلامتی اور اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اس شعبے میں اسٹریٹجک اقدامات حکومت کی ترجیح ہیں۔
یزدانیاں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود ایران نے خلائی ٹیکنالوجی میں خودکفالت حاصل کر لی ہے۔
حالیہ برسوں میں ایران نے خلائی میدان میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو اس کی عالمی حیثیت کو مسلسل مضبوط کر رہی ہیں۔
ایرانی خلائی تحقیقاتی مرکز نے تحقیق کو وسعت دینے، ضروری خلائی ٹیکنالوجیز حاصل کرنے اور جامعات و تحقیقی اداروں میں انفراسٹرکچر کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔
آپ کا تبصرہ