مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے قطر کی پارلیمنٹ کے سربراہ کے نام پیغام میں کہا کہ عالم اسلام کی ہم آہنگی اور اتحاد ہی صہیونی حکومت کے خطرات کا مؤثر جواب ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے سربراہ نے قطر کے ہم منصب حسن بن عبداللہ الغانم کو بھیجے گئے پیغام میں اسرائیل کے فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
قالیباف نے کہا کہ دوحہ میں حماس کی اعلی قیادت کے مراکز پر اسرائیلی حملہ ایک کھلا جرم، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور ریاستی دہشت گردی کی واضح مثال ہے۔ یہ حملہ قطر کی خودمختاری کی پامالی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے قطری اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اس حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہے۔
قالیباف نے زور دیا کہ صہیونی حکومت کے جارحانہ رویوں کے مقابلے کا واحد راستہ عالم اسلام کی مربوط اور متحدہ کارروائی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ اس سلسلے میں قطر کے ساتھ تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جاسکے۔
آپ کا تبصرہ