مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جرمنی کے شہر اولم میں فلسطین حامی کارکنوں نے اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی کے دفتر پر حملہ کرکے شدید نقصان پہنچایا۔
رپورٹ کے مطابق، فلسطین کے حامی گروپ کے کارکنوں نے کمپنی کے دفاتر، کمپیوٹرز اور دیگر آلات کو توڑ پھوڑ کر نقصان پہنچایا۔ اس دوران دھواں پیدا کرنے والے بم بھی استعمال کیے گئے۔ کارکنوں نے دیواروں پر "بچوں کے قاتل" جیسے نعرے بھی تحریر کیے۔
جرمن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت کو گھیرے میں لیا اور عمارت کی بالائی منزل سے 5 افراد کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق، کسی کو جسمانی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ابتدائی اندازے کے مطابق مالی نقصان لاکھوں یورو تک جاسکتا ہے۔
اس واقعے کی تحقیقات فی الحال جرمنی کے وفاقی دفتر برائے جرائم کے تحت جاری ہیں جو بڑے جرائم کی نگرانی کرتا ہے۔ مزید احتیاطی اقدامات کے طور پر پولیس نے اولم شہر میں البیت کمپنی کے ایک اور دفتر پر بھی سیکورٹی تعینات کر دی ہے۔
"فلسطین ایکشن" نے ایک بیان میں کہا ہے کہ البیت سسٹمز وہ ڈرون تیار کرتی ہے جنہیں اسرائیل غزہ میں فلسطینی عوام کے قتل عام کے لیے استعمال کرتا ہے۔
گروہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جرمنی میں اس کمپنی کے تمام دفاتر اور اسلحہ ساز کارخانے فوری طور پر بند کیے جائیں۔
آپ کا تبصرہ