مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یروان میں اپنے آرمینیائی ہم منصب آرارات میرزویان سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے ایران اور آرمینیا کے درمیان تاریخی و اسٹریٹجک روابط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تہران اور یروان کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی دستاویز تیار کی جائے اور سیاسی، اقتصادی و ثقافتی میدانوں میں تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص ٹرانسپورٹ، تجارت اور ثقافتی روابط میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے ایرانی صدر پزشکیان آرمینیا کے دورے پر ہیں جہاں یروان کے صدارتی محل میں وزیر اعظم نیکول پشینیان نے باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا۔
پزشکیان پیر کو اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آرمینیا پہنچے تھے۔ یہ ان کے سرکاری دورے کا پہلا پڑاؤ ہے، جس کے بعد وہ بیلاروس بھی جائیں گے۔ روانگی سے قبل صدر پزشکیان نے کہا تھا کہ ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانا ایران کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ