مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں فلسطینی مجاہدین کی کارروائی میں اسرائیلی فوج کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوجی دستے خان یونس کے ایک علاقے سے گزر رہے تھے کہ اسی دوران فلسطینی مجاہدین ایک زیر زمین سرنگ سے نکلے اور انہوں نے اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑی پر ایک دھماکہ خیز آلہ نصب کرکے دھماکے سے اڑا دیا۔
ابتدائی اطلاعات میں صرف ایک اہلکار کی ہلاکت اور دو کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، لیکن بعد ازاں صہیونی میڈیا نے تصدیق کی کہ واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہوچکی ہے۔
مزید برآں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ عزالدین قسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرايا القدس نے مشترکہ طور پر خان یونس میں قابض فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔ اس حملے میں صہیونی افواج کی اہم تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔
اسرائیلی فوج نے واقعے کے بارے میں کسی قسم کی تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ