مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے زیر اہتمام قم میں ایک اعزازی تقریب منعقد ہوئی جس میں بلتستان سے تعلق رکھنے والے محققین، مبلغین اور مختلف ورکشاپس میں شرکت کرنے والوں کی تجلیل کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر حجت الاسلام ڈاکٹر عباسی تھے۔ ان کے علاوہ المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ مبلغین کے انچارج حجت الاسلام کیانی، سازمان فرھنگ و ارتباطات، مجمع جہانی اہل بیت اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران جامعہ روحانیت بلتستان کے زیراہتمام شائع ہونے والے خصوصی مجلات، کارکردگی رپورٹس اور نصابی کتب کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا تھا۔
مہمانوں کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا اور جامعہ روحانیت کی علمی، تحقیقی، فرھنگی اور تبلیغی فعالیت کو سراہا۔
جامعہ روحانیت کے شعبہ تحقیق کے انچارج سجاد شاکری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان میں مجلات کی اشاعت اگرچہ بہت دیر سے شروع ہوئی تاہم جامعہ روحانیت نے یہ قدم اٹھایا ہے اور المعارف کے نام سے ششماہی مجلہ شروع کیا ہے۔ اس مجلے کا مقصد علماء کو قلمی میدان میں موقع کرنا ہے تاکہ وہ اپنے قلم کے ذریعے معاشرے کی تعلیم و تربیت میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
جامعہ روحانیت کے صدر سید احمد رضوی نے پروگرام کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ روحانیت بلتستان تحقیق، تعلیم اور تبلیغ کے شعبوں میں فعالیت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ روحانیت کے اراکین تبلیغی امور پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ماہ رمضان اور محرم کے علاوہ اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کی خدمت اور تبلیغ کے فرائض انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ روحانیت رسمی مدرسے سے بڑھ کر تعلیم کے شعبے میں فعالیت کررہی ہے۔ اسی طرح فرھنگی اور تحقیقی شعبے میں بھی اچھی کارکردگی دکھارہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر جحت الاسلام ڈاکٹر عباسی نے کہا کہ ہمیں اللہ نے بہت ساری نعمتیں عطا کی ہیں، ان سب کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ چنانچہ نعمت کا شکر ادا کریں تو خدا اس میں مزید اضافہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمان سب سے بڑی نعمت ہے۔ آج انسانیت کو درپیش مشکلات کی ایک بڑی وجہ ایمان سے محروم ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علم اور حکمت بھی اللہ کی نعمتوں میں سے پے۔ اللہ کی طرف سے عطا ہونے والی توفیق بھی ایک نعمت ہے۔ آپ عزیزان حوزہ علمیہ میں آکر تعلیم و تربیت کا موقع پاچکے ہیں، یہ بھی اللہ کی نعمت ہے لہذا اس سے بہترین طریقے سے استفادہ کریں اور اس نعمت کا شکر ادا کریں۔
پروگرام کے اختتام پر ممتاز مبلغین اور محققین کو اعزازی سند دی گئی۔
آپ کا تبصرہ