مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آج صبح ایٹمی صنعت کی مصنوعات اور ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کی تازہ ترین کامیابیوں کی 53ویں نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح ایک تقریب کے دوران کیا گیا جس کی صدارت ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کی۔
قابل ذکر ہے کہ اس نمائش میں ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کی مصنوعات، ایجادات اور جوہری کامیابیوں کو متعارف کروایا گیا ہے جن میں ملک کے نیوکلیئر سیفٹی سسٹم سینٹر، نیوکلیئر پیمائش کے مختلف نظاموں کی ڈیزائننگ اور مینوفیکچرنگ، نیوکلیئر فیوژن ٹیکنالوجی، کوانٹم سائنس اور ٹیکنالوجی کا حصول، مختلف قسم کے صنعتی اور طبی لیزرز کی ڈیزائننگ اور مینوفیکچرنگ، جوہری ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت کا فروغ، پلازما ٹیکنالوجی کی توسیع، تشخیصی اور علاج سے متعلق ریڈیو فارماسیوٹیکل کی تیاری شامل ہیں۔
مزید برآں نمائش میں 110 آاسوٹوپک بائیو مالیکیولز کی پیداوار، اراک ریسرچ ری ایکٹر کی جدید کاری، تابکار فضلے کو ٹھکانے لگانے کا انتظام، بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں بجلی کی پیداوار سے حاصل ہونے والی فوسل فیول ﴿جیواشم ایندھن﴾ کے استعمال میں بچت، بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں بجلی کی پیداوار سے مختلف ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی، پاور اور ریسرچ ری ایکٹرز کے لیے مختلف قسم کے ایندھن کمپلیکس کی ڈیزائننگ اور تعمیر کے تکنیکی علم کے حصول،
زرکونیم اور نئے مرکب دھاتوں کی پیداوار، مقامی علم، مہارت اور ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے یورینیم کی افزودگی، مقامی علم اور خام مال کے ساتھ سینٹری فیوجز کے ڈیزائن اور پیداوار کو بھی نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج کی نمائش میں ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کی جانب سے زرعی مصنوعات سے بیماریوں اور کیڑوں کو کم کرنے اور ختم کرنے کے لیے بنائے گئے آلات میں سے ایک "آرمان پرتو" کی رونمائی کی گئی۔
ایرانی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے ماہرین کے بقول یہ نئی مشین اپنے غیر ملکی ماڈل سے کم قیمت اور بہتر معیار رکھتی ہے۔ اس مشین میں 3 فنکشنز ہیں اور اس میں استعمال ہونے والی تخلیقی صلاحیت امریکی اور چینی ماڈلز سے بہتر ہے۔
آپ کا تبصرہ