مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین مودی کا 100 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کی آخری رسومات گاندھی نگر میں واقع شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے والدہ کے آخری سفر کے دوران خود ان کی ارتھی کو کندھا دیا۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے بھائی نے اپنی والدہ کی چتا روشن کی۔
قبل ازیں، وزیر اعظم کی والدہ ہیرابین نے احمد آباد کے ’یو این مہتا ہارٹ ڈیزیز انسٹی ٹیوٹ‘ میں آخری سانس لی، جہاں انہیں دو روز قبل داخل کرایا گیا تھا۔ ہیرا بین نے صبح تقریباً ساڑھے تین بجے آخری سانس لی۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی 100 ویں سالگرہ منائی تھی۔ وزیر اعظم مودی کل احمد آباد میں بھی اپنی والدہ سے ملنے گئے تھے۔
گجرات حکومت کی جانب سے گزشتہ روز اطلاع دی گئی تھی کہ ہیربین کی حالت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور انہیں ایک دو دن میں ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔ پی ایم مودی اپنی والدہ کا حال جاننے کے لیے احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال بھی پہنچے تھے، جہاں ہیرا بین کو داخل کرایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ہیربین کو سانس لینے میں دشواری اور بلڈ پریشر کی تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی ایم مودی کی ماں ہیرا بین وزیر اعظم مودی کے چھوٹے بھائی پنکج مودی کے ساتھ گاندھی نگر شہر کے قریب رئسن گاؤں میں رہتی تھیں۔ وزیر اعظم باقاعدگی سے رائسن جاتے تھے اور گجرات کے اپنے بیشتر دوروں میں اپنی والدہ کے ساتھ وقت گزارتے تھے۔
آپ کا تبصرہ