مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزير اعظم عمران خان کا دورہ روس یوکرائن جنگ کی نذر ہوگیا ہے۔ پاکستانی وزير اعظم آج روس کے صدر سے ملاقات کریں گے لیکن روسی حکام کی اصل توجہ یوکرائن جنگ پر مرکوز ہے۔ پاکستان کے وزير اعظم نے ماسکو میں اپنے ہمراہ وفد سے مشاورت کی ہے ۔ جس میں یوکرائن روس تنازع سے متعلق بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ماسکو میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معید یوسف و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
جنگ اخبار میں شائع ہونے والے ایک تجزیہ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا دورہ روس مناسب وقت میں انجام پذير نہیں ہوا۔
جنگ کے تجزيہ نگار کے مطابق وزیراعظم کے دورہ روس سے پاکستان کیلئے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔خود روس کے صدر پوتن اور ان کے مشیران و معاونین کی تمام تر توجہ وزیراعظم عمران خان کے دورے پر نہیں بلکہ یوکرائن کی صورتحال اور امریکی پابندیوں اور فوجی تیاریوں پر مرکوز ہوگی جبکہ امریکہ امریکہ میں بھی وزیراعظم کے دورہ روس کو اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جائے گا۔
تجزیہ نگار کے مطابق امریکہ میں انتہائی موثر بھارتی اور اسرائیلی لابی پاکستان کے خلاف اپنا کام بھی کریگی اور بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔
صدر بائیڈن پہلے ہی افغان جنگ کے حوالے سے پاکستان کے بارے میں اپنے تحفظات رکھتے ہیں اور پاک ۔امریکہ تعلقات میں موجودہ سردمہری اس کا مظہر ہے۔ تجزیہ نگآر کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم کا دورہ ماسکو یوکرائن جنگ کی نذر ہوگیا ہے۔
بعض دیگر ذرائع کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ماسکو کی اہمیت اپنی جگہ باقی ہے اور پاکستانی وزیر اعظم کی روس کے صدر پوتین کے ساتھ ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بڑھا کر تین گھنٹے کردیا گیا ہے جس پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ روس ک اہمیت کا مظہر ہے۔
آپ کا تبصرہ