مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین کے اطلاع رسانی سینٹر کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینی تنظیم حماس نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایران کے ٹھوس مؤقف اور فلسطینی عوام کی جد وجہد کی حمایت پر ایران کی تعریف اور اس کا شکریہ ادا کیا گيا ہے۔
حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اعلامیہ قرائت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کے خلاف فلسطینی عوام کی استقامت اور پائداری کی حمایت کرکے فلسطینی عوام کے حوصلوں کومزید بلند کیا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں وطن واپسی پر مبنی ریلیوں میں ہونے والے فلسطینی شہیدوں اور زخمیوں کے ساتھ ایران کی ہمدردی اور غزہ کے محاصرے کو ختم کرانے کے سلسلے میں ایرانی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی اسلامی اور انسانی ذمہ داریوں پر عمل کررہا ہے اور عرب ممالک کو بھی ایران کی طرح فلسطینی عوام کی حمایت کرنی چاہیے نیز فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔ اس سے قبل ایران نے منگل کے دن غزہ میں وطن واپسی کی ریلیوں کے شہداء اور زخمیوں کی مکمل مالی مدد کرنے اور انھیں مکمل طور پر علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ