پاکستان میں رشوت خور ایس ایچ او اور ہیڈ محرر گرفتار

پاکستان میں منگھو پیر کے علاقے میں ایک کروڑ 39 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزم کو رشوت لے کر چھوڑنے کے الزام میں سابق ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو گرفتار کرکے ان سے 4 لاکھ روپے کی رشوت برآمد کرلی گئی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں منگھو پیر کے علاقے رہائشی پروجیکٹ نیا ناظم آباد کے دفتر میں ایک کروڑ 39 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزم کو رشوت لے کر چھوڑنے کے الزام میں سابق ایس ایچ او راؤ عمیر اور ہیڈ محرر کو گرفتار کر کے وصول کی جانے والی 4 لاکھ روپے رشوت برآمد کرلی۔ قائم مقام ایس ایچ او شارع نور جہاں انسپکٹر راؤ ظہیر کی مدعیت میں درج کیے جانے والے مقدمے کے متن کے مطابق پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ منگھوپیر تھانے کے مقدمے میں ملوث رستم نامی ملزم جس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نیو ناظم آباد میں ڈکیتی کی تھی اسے سابق ایس ایچ او راؤ عمیر اور ہیڈ کانسٹیبل ریاض نے پکڑ کر ملزم سے 4 لاکھ روپے رشوت وصول کرکے چھوڑ دیا تھا جس پر انھوں نے اس اطلاع کو معتبر جانتے ہوئے سابق ایس ایچ او شارع نور جہاں سب انسپکٹر راؤ عمیر اور ہیڈ کانسٹیبل ریاض (ہیڈ محرر) کو تھانے طلب کر کے معلومات حاصل کیں تو انھوں نے اقرار جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ رستم نامی ملزم کو لائے تھے جس سے 4 لاکھ روپے لیے تھے بعدازاں سب انسپکٹر راؤ عمیر نے اپنی الماری جو کہ تھانے کے کمرہ افسران میں تھی اس میں سے 2 لاکھ روپے نکال کر پیش کر دیئے۔

ادھر ہیڈ کانسٹیبل ریاض احمد نے بھی تھانے کے بیرک میں رکھے ہوئے بکس سے 2 لاکھ روپے نکال کر دیئے اور بتایا کہ ہم نے جو رقم ملزم رستم سے وصول کی تھی وہ اس ڈکیتی کی واردات میں اس کے حصے میں آئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق دونوں ملزمان کا فعل بجرم دفعات 412 ، 201 اور 202/34 کی حد کو پہنچتا ہے جس پر پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے برآمد ہونے والی رقم قبضے میں لے لی،تحقیقات میں یہ بات واضح ہوئی کہ دونوں ملزمان نے اعلیٰ افسران کے علم میں لائے بغیر ملزم سے ڈکیتی کی رقم برآمد کر کے اسے چھوڑدیا تھا۔

News Code 1885342

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 8 + 8 =