مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست کیرالہ میں نیفا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی جب کہ دیگر اضلاع کے اسپتالوں میں بھی مرض سے آگاہی کے لیے عارضی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق جنوبی ریاست کیرالہ میں نیفا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اور اب تک 18 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس کے باعث پورے بھارت میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اب تک جن مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی اُن میں سے 70 فیصد مریض موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے علاقے کوزی کوڑ میں ہوئیں۔ حکومت نے اس وباء پر قابو پانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ نیفا وائرس سے ہلاکتوں کے چند واقعات رپورٹ ہوئے ہیں لیکن ابھی اس نے وباء کی شکل اختیار نہیں کی جیسا کہ بعض افراد کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ حکومت نے تمام تر ضروری حفاظتی اقدامات کر رکھے ہیں مرض کی تشخیص اور علاج کے لیے ہر بڑے اسپتال میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ نیفا وائرس دماغ کو بُری طرح تباہ کر دیتا ہے جس سے مریض کی چند ہی دنوں میں موت واقع ہوجاتی ہے۔ یہ وائرس زیادہ تر چمگاڈر کی ایک خاص قسم میں پایا جاتا ہے۔ نیفا وائرس ایشیائی اور افریقی ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ