مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی صدر رام ناتھ کوند نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے ملزمان کو سزائے موت دینے کے لیے کابینہ کے منظور کردہ آرڈینینس پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی صدر رام ناتھ نے چائلڈ پروٹیکشن قانون میں سزائے موت سے متعلق ترمیمی آرڈینینس پر دستخط کر کے آرڈینینس کی توثیق کردی ہے جس کے بعد آرڈینینس کو دونوں پارلیمان میں پیش کیا جائے گا جہاں منظوری کے بعد یہ ترمیمی بل فوری طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کے لیے قانون میں ترمیم کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔
پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس قانون کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو کم سے کم سزا 20 سال یا تاحیات قید اور زیادہ سے زیادہ سزائے موت دی جا سکے گی۔ اس سے قبل اس جرم کی سزا محض 7 سے 10 سال قید تھی۔ کشمیر اور ممبئی میں بچیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے واقعات کے بعد حکومت نے ملزمان کے لیے سزائے موت کے قانون کی منظوری دی ہے۔
آپ کا تبصرہ