17 نومبر، 2016، 10:30 PM

جھوٹی سالگرہ منانے پر سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری

جھوٹی سالگرہ منانے پر سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سالگرہ کی تاریخ سے متعلق کیس کی سماعت میں عدم پیشی پر اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سالگرہ کی تاریخ سے متعلق کیس کی سماعت میں عدم پیشی پر اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء پر الزام ہے کہ وہ اپنی سالگرہ 15 اگست کو عین اس دن مناتی ہیں، جس دن بنگلہ دیش کے سابق رہنما شیخ مجیب الرحمٰن کو قتل کیا گیا تھا۔ شیخ مجیب الرحمٰن بنگلہ دیش کی موجودہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے والد تھے، جن کے حامیوں کا ماننا ہے کہ خالدہ ضیاء جعلی تاریخ پیدائش استعمال کرتی ہیں۔ خالدہ ضیاء کے خلاف حکومت کے حامی ایک صحافی کی جانب سے عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انھوں نے اپنی تاریخ پیدائش کے حوالے سے جھوٹ بولا۔

یاد رہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن کو ایک فوجی بغاوت کے دوران ان کے خاندان کے افراد کے ہمراہ قتل کردیا گیا تھا، جنھیں بنگلہ دیش کی آزادی کے ہیرو کے طور پر مانا جاتا ہے اور 15 اگست کو یوم سوگ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ بعدازاں بغاوت کرنے والے رہنماؤں نے خالدہ ضیاء کے شوہر کو فوج کے سربراہ کے طور پر نامزد کردیا اور انھوں نے اسی برس ملک کی باگ دوڑ سنبھال لی اور اگلے 15 برسوں تک بنگلہ دیش پر حکومت کی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی 71 سالہ رہنما خالدہ ضیاء نے خود پر ہونے والی تنقید کے باعث رواں برس اپنی سالگرہ نہیں منائی تھی۔

News ID 1868382

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha