مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کے تین سال قبل اغواء ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کو افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی کو افغانستان کے سفیر کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں گیلانی کو بتایا گیا کہ ان کے بیٹے کو کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کروالیا گیا ہے ذرائع کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے افغانستان کے صوبہ غزنی میں طالبان کے خلاف آپریشن کیا۔واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 9 مئی 2013 کو عام انتخابات سے 2 روز قبل ملتان سے اغواء کیا گیا تھا۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی۔ افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز کو ٹیلی فون کرکے اس کی تصدیق کی۔
آپ کا تبصرہ