مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین نے اقوام متحدہ میں پاکستان پرپابندی لگانے اور ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر پاکستان کے خلاف ہندوستانی قرارداد پرکارروائی کو ناکام بنادیا۔اطلاعات کے مطابق نیو یارک میں ہندوستان کی درخواست پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پرمختلف تنظیموں اور ممالک پر پابندی عائد کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ہندوستان کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ذکی الرحمان لکھوی کو رہا کرکے اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے اقوام متحدہ پاکستان کے خلاف کارروائی کرے۔
ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں والی کمیٹی کو پاکستان کے خلاف متحرک کیا تھا جس میں اقوام متحدہ کے 5 مستقل اور10 غیرمستقل ممبر شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران کمیٹی میں شامل چین کے مندوب نے اعتراض اٹھایا کہ ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف پیش کی جانے والی معلومات ناکافی ہیں اس لئے درخواست پر مزید کارروائی نہیں ہوسکتی جس پر کمیٹی کے سربراہ نے کارروائی معطل کردی۔ ذکی الرحمان لکھوی کو پاکستانی عدالت نے ضمانت پر رہا کررکھا ہے ذکی الرحمان لکھوی کے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ قریبی روابط ہیں اس پر ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے۔
آپ کا تبصرہ