مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے یوم بسیج کے موقع پر بسیجی نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں اس دن کو معاشرے کے مختلف شعبوں میں عوامی صلاحیتوں اور استعداد کو منظم کرنے کے آغاز کا دن قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ بسیج، نوجوانوں، مردوں، خواتین کی شرکت سے عوامی صلاحیتوں اور استعداد کو منظم کرنے کا آغاز ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو عملی میدانوں اور معاشرے کے مختلف شعبوں میں سرگرم ہیں، جہاد اور سماجی ترقی کے میدانوں میں حصہ لیتے ہیں اور اپنی جان و مال قربان کرکے آزادی، خودمختاری، عزت اور آنے والی نسلوں کی درست راستے پر حفاظت کے لیے رضاکارانہ طور پر کوشش کرتے ہیں۔
بسیج امام خمینی (قدس سرہ) کی ان کاوشوں میں سے ایک تھا جس کا مقصد عوام کے تمام طبقات کی صلاحیتوں کو منظم کرنا اور ان سے استفادہ کرنا تھا۔ شہید امام خامنہ ای (قدس سرہ) نے بھی اس اقدام کو آگے بڑھایا، اس کی توثیق کی اور اس کی حمایت کی۔ اسی طرح سید الشہداءِ امت سید حسن نصراللہ (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ)، پاکیزہ شہداء اور تمام فداکاروں نے لبنان میں بسیج کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور اس کی موجودگی کو فروغ دینے میں کردار ادا کیا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ بسیجی نوجوان اسلام ناب محمدی کے طریقے اور ولایت کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہیں اور امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کا پرچم اٹھائے ہوئے ہیں۔ وہ ایسے مجاہد ہیں جو شہادت کے آرزو مند ہیں اور سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کو اپنا نمونہ عمل بناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بسیجیوں نے جہاد اور مزاحمت کے میدان میں اپنی غیر معمولی مجاہدانہ موجودگی کا مظاہرہ کیا اور ہماری مزاحمت کی اساطیری استقامت میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں بسیجیوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ قربانی کے میدان اور مورچے آپ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کے گواہ ہیں۔ ہم نے ایک ساتھ اپنے عوام، خاندانوں اور بچوں کی تابانی کا مشاہدہ کیا ہے۔ ان کی موجودگی نے بسیج کو ایسی نورانی قوت عطا کی جسے سب نے دیکھا؛ ایسی قوت جو قربانی، امید اور فتح کے یقین سے چمکتی ہے۔
مجاہدین، مزاحمت کے باعزت جوانوں اور آپ کی قربانیاں بہت عظیم ہیں، لیکن یہ اسی عزت کی قیمت ہے جس کے ہم سب خواہاں رہے ہیں۔ آپ کی موجودگی کے باعث صہیونی دشمن ہماری سرزمین پر قابض قوت کی حیثیت سے باقی نہیں رہ سکے گا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ بسیج ناقابل شکست ہے۔ بسیجی جہاں بھی ہو، بنیاد رکھتا ہے، تعمیر کرتا ہے، سیکھتا ہے، سکھاتا ہے، کاشت کاری کرتا ہے اور اپنے خاندان کی دیکھ بھال کرتا ہے، اور اسی وقت عزم، آگاہی اور شجاعت کے ساتھ دشمنوں کے سامنے ڈٹ جاتا ہے۔ اللہ تعالی کے اذن سے بسیج ہمیشہ کامیاب و کامران رہے گا۔
آپ کا تبصرہ