مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے دفاع مقدس اور مزاحمت کی اقدار کے تحفظ اور اشاعت کے ادارے کی جانب سے دوسری اور تیسری دفاع مقدس کے دوران انجام دی گئی نمایاں سرگرمیوں اور منصوبوں پر مشتمل نمائش کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میجر جنرل وحیدی نے کہا کہ دفاع مقدس اور مزاحمت کی اقدار کے تحفظ اور اشاعت کے ادارے نے دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں کے واقعات کو محفوظ کرنے کے لیے انتہائی قابل قدر کام انجام دیا ہے۔
انہوں نے دوسری اور تیسری دفاع مقدس کو آٹھ سالہ دفاع مقدس کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ استکباری قوتوں کی دشمنی ایک بار صدام کی بعثی حکومت کے ذریعے سامنے آئی، پھر بارہ روزہ مسلط کردہ جنگ میں صیہونی حکومت اور امریکہ خود براہ راست میدان میں آگئے۔ تیسری دفاع مقدس کے دوران بھی انہوں نے محسوس کیا کہ اس محاذ پر ان کے سوا کوئی اور نہیں اتر سکتا۔ اسی لیے ہم صیہونی حکومت اور دہشت گرد امریکی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں کو صدام کے جرائم کا تسلسل سمجھتے ہیں۔
سپاہ کے کمانڈر انچیف نے مزید کہا کہ دفاع مقدس اور مزاحمت کی اقدار کے تحفظ اور اشاعت کے ادارے کی اس نمائش میں دوسری اور تیسری دفاع مقدس سے متعلق مختلف واقعات اور مواد کو جمع کرنے کے لیے بہت اچھا کام کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایک طرف دشمن کے جرائم، جارحیت، درندگی اور انسانیت سوز کارروائیوں کو بیان کرنا ہے اور دوسری طرف ہماری قوم کی طاقت، صبر، عفو و درگزر، ایثار، قربانی اور ان تمام جرائم کے مقابلے میں کامیابی کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ واقعی قابل قدر کام ہے، جس پر میں تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے دفاع مقدس اور مزاحمت کی اقدار کے تحفظ اور اشاعت کے ادارے کے ساتھ تعاون کے لیے عوامی سطح پر دعوت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے پاس دفاع مقدس سے متعلق یادیں، تصاویر یا دیگر دستاویزات اور آثار موجود ہیں، انہیں محفوظ کرنے کے لیے بہترین جگہ یہی ادارہ ہے، جو آج پہلے سے کہیں زیادہ وسیع پیمانے پر سرگرم عمل ہے۔
موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے میجر جنرل وحیدی نے کہا کہ ہمارا کمزور دشمن آج اپنی تاریخ کے انتہائی نازک حالات میں سے ایک سے گزر رہا ہے۔ اس نے ایرانی قوم کے عزم کو توڑنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں، لیکن آج ہمارا عزم ماضی کے مقابلے میں زیادہ مضبوط، پختہ اور مؤثر ہے۔ اسلام کے مجاہدین اور تمام مسلح افواج پوری یکجہتی اور طاقت کے ساتھ آج بھی میدان میں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن آج شکست کا احساس کر رہا ہے، لیکن ہم اپنے شہید امام کے اس فرمان کے مطابق کہ کامیابیاں ہمیں رکنے نہ دیں، مستقبل پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ آج ہماری مسلح افواج کے لیے ایک عظیم مستقبل کے دروازے کھل رہے ہیں؛ ایسا مستقبل جو افتخار سے بھرپور اور نیا ہوگا، اور دوسری اور تیسری دفاع مقدس کے دوران حاصل ہونے والے قیمتی تجربات سے جنم لے گا۔
میجر جنرل وحیدی نے کہا کہ دشمن آج کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے اپنے ذہن میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جوابی کارروائیوں کو یاد کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس وقت شدید زوال، بڑی رکاوٹ اور تزویراتی ابہام کا شکار ہے۔ یہ سب ایرانی قوم اور مسلح افواج کی ثابت قدمی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اپنے تمام شعبوں، بشمول ایرو اسپیس فورس، بحریہ، بری فوج، قدس فورس اور بسیج تنظیم کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط اور تیار ہوکر میدان میں موجود ہے۔ سپاہ دشمن کو بہت پیچھے دھکیلنے کی صلاحیت اور آمادگی رکھتی ہے۔ آج دشمن خود اندرونی شکست و ریخت کا شکار ہے، جبکہ ہماری قوم اور مسلح افواج میدان میں موجود ہیں۔
میجر جنرل وحیدی نے آخر میں زور دے کر کہا کہ سپاہ کی تمام فورسز پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں تاکہ مجرموں کے ظلم کے مقابلے میں قوم، ملک، اسلام عزیز اور عظیم انسانی اقدار کا دفاع کریں۔ آج ہم انتہائی اچھی پوزیشن میں ہیں۔
آپ کا تبصرہ