مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقاومتی دھڑے کے رکن اور لبنانی رکن پارلیمنٹ حسن فضل اللہ نے لبنان کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے عوام سے صبر اور مزاحمت کی قیادت کے ساتھ ثابت قدم رہنے کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق لبنانی ویب سائٹ النشرہ سے گفتگو کرتے ہوئے فضل اللہ نے کہا کہ ہر مشکل کے بعد آسانی آتی ہے اور موجودہ حالات ہمیشہ اسی طرح برقرار نہیں رہیں گے۔
انہوں نے دشمن کے مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اپنی شکستوں کی تاریخ مٹانے اور ایسا مستقبل تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں ان کے خلاف کوئی ہتھیار نہ اٹھایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دھمکیوں کا ہدف صرف جنوبی لبنان یا کسی ایک طائفے تک محدود نہیں بلکہ پورا لبنان ہے۔ ان کے بقول خطے کی موجودہ صورتحال لبنان کے لیے سازگار ہے اور ملک یقینی طور پر نئی علاقائی صورتحال سے متاثر ہوگا۔
ایرانی حمایت کے حوالے سے فضل اللہ نے کہا کہ ایران کو ہماری حمایت کی ضرورت نہیں، بلکہ آج ہم ایران پر انحصار کر رہے ہیں۔
انہوں نے اسرائیل کو مزاحمت کی عسکری صلاحیتوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کے پاس لبنان بھر میں اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے اور فوجی کارروائیاں انجام دینے کے لیے ضروری طاقت اور وسائل موجود ہیں۔
آپ کا تبصرہ