مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ اپنے آخری مراحل میں ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ایران کسی معاہدے تک پہنچنے کا شدید خواہش مند ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایرانیوں کو بھاری نقصانات اٹھانا پڑے ہیں اور وہ معاہدے کے حصول کے لیے بہت زیادہ خواہش مند ہیں۔ ان کے بقول، امریکہ جب چاہے ایران کے ساتھ معاہدہ کر سکتا ہے۔
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے بارے میں امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن اس جنگ کے خاتمے کے لیے کوشش کر رہا ہے اور یہ جنگ بھی جلد ختم ہو جائے گی۔
ٹرمپ نے امریکی مالیاتی پالیسی کے بارے میں کہا کہ امریکہ میں شرح سود ایک فیصد یا اس سے کم ہونی چاہیے، کیونکہ ان کے بقول امریکہ کو دنیا میں بہترین کریڈٹ ریٹنگ حاصل ہے۔ انہوں نے شرح سود میں تیزی سے کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
امریکی صدر نے گزشتہ کئی ماہ سے جاری اپنے دعوے کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران میں سب کچھ تباہ ہو چکا ہے اور ایرانی بحریہ خلیج فارس کی تہہ میں پہنچ چکی ہے۔ ایران اپنی ہر چیز کی تباہی کے بعد جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور اسی وجہ سے جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔
امریکی صدر نے مزید دعوی کیا کہ واشنگٹن نے ایران کے خلاف بے مثال ناکہ بندی عائد کر رکھی ہے اور گزشتہ کئی ماہ کے دوران کوئی بھی بحری جہاز اس ناکہ بندی کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے امریکہ میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر عوامی تشویش کے تناظر میں ایک بار پھر دعوی کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور تیل اور پٹرول کی قیمتیں بہت تیزی سے کم ہو جائیں گی۔
آپ کا تبصرہ